حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ ملبورن اور شیعہ علماء کونسل پاکستان شعبہ آسٹریلیا کے رہنما حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے بی بی سیدہ خدیجہ الکبری سلام اللہ علیہا کی وفات کے موقع پر اپنے ایک تعزیتی پیغام میں عالم اسلام کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا: بی بی خدیجہ الکبری محسنہ اسلام ہیں۔ سیدہ سلام اللہ علیہا کا مقام اور عظمت تاریخ اسلام میں نمایاں ہے۔ آج کی خواتین کو بی بی سیدہ خدیجہ سلام اللہ علیہا کو اپنا رول ماڈل بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا: سیدہ سلام اللہ علیہا کی سیرت اللہ کی اطاعت اور اطاعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گزری۔ بی بی سلام اللہ علیہا نے اسلام کی سربلندی اور دین الہی کی حفاظت کے لیے جدوجہد کی اور دورہ حاضر کے خواتین کے لیے ایسے سنہری اصول بتائے جو قیامت تک ہماری بچیوں، ماؤں اور بہنوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔
حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے کہا: آج معاشرے میں ہر خاتون پریشان نظر آتی ہے جس کی بڑی وجہ سیرت بی بی خدیجہ سلام اللہ علیہا سے دوری ہے۔
انہوں نے مزید کہا: معاشرے میں آزادی کے نام پر خواتین کو جس انداز میں تذلیل کیا جا رہا ہے یہ صرف اور صرف علوم اہلبیت علیہم السلام سے دوری کا نتیجہ ہے۔ ہمیں حجاب فاطمی سلام اللہ علیہا کو عام کرنا ہے جس کے لیے بی بی خدیجہ الکبری سلام اللہ علیہا نے سب کچھ قربان کیا ہے۔
امام جمعہ ملبورن نے کہا: خواتین کے حقوق کی صحیح تصویر بی بی سیدہ خدیجہ سلام اللہ علیہا کی سیرت میں ہے۔ ہمیں دینا کے کونے کونے میں جذبہ حضرت خدیجۃ الکبری سلام اللہ علیہا کو متعارف کرانا ہو گا۔ تا کہ خواتین معاشرے کی بہترین ماں، بیٹی، بہن اور زوجہ بن سکیں۔